پچھلی قسط یہاں پڑھیں
یہ دنیا ہمیشہ سے رنگوں اور خوشبوؤں سے بھری ہوئی نہیں تھی۔ کبھی زمین پر سبز اور بھورے رنگ کا راج تھا۔ گھنے جنگلات میں فرنز، بڑے بڑے پائن کے درخت اور سائی کیڈز اپنی ہی دنیا بسائے بیٹھے تھے۔ یہ منظر یقیناً سرسبز تھا، لیکن اس میں رنگوں کی وہ بہار اور پھولوں کی خوشبو نہیں تھی جو آج ہماری آنکھوں اور دل کو بھاتی ہے۔ زمین کی تاریخ کے بیشتر حصے میں دنیا ایسی ہی تھی—خوبصورت لیکن سادہ، دلکش مگر کسی کمی کے احساس سے بھرپور۔
پودے تب بھی موجود تھے، لیکن ان کے افزائش کے طریقے نہایت دلچسپ اور کچھ عجیب بھی تھے۔ مثال کے طور پر فرنز اپنے تولیدی خلیے پانی میں چھوڑ دیتے اور امید کرتے کہ وہ تیر کر دوسرے خلیے تک پہنچ جائیں۔ کونیفرز اور سائی کیڈز نے اس سے زیادہ انقلابی حکمت عملی اپنائی: وہ ہوا پر بھروسہ کرتے اور اربوں کی تعداد میں پولن کے ذرات چھوڑ دیتے، جیسے اندھیرے میں تیر چلانا۔ یہ ایک قسمت آزمانے والا کھیل تھا اور اکثر ناکام رہتا تھا۔ پھر، تقریباً ساڑھے بارہ کروڑ برس پہلے، کچھ ایسا ہوا جس نے زمین کی تاریخ کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔

Archaefructus liaoningensis
چین کے علاقے سے ملنے والے ایک چھوٹے سے فوسل نے سائنس کی دنیا میں ہلچل مچا دی۔ اس پودے کو آرکیفروکٹس لیآوننگنس کا نام دیا گیا۔ دیکھنے میں یہ کوئی خاص پرکشش پودا نہیں تھا—لمبے پتلے تنوں پر چھوٹے چھوٹے پتے، نہ کوئی شوخ رنگ کی پنکھڑیاں اور نہ ہی دلکش خوشبو۔ لیکن حقیقت یہ تھی کہ یہ پھول دار پودوں کا ابتدائی نمائندہ تھا، ایک ایسا قدم جس نے زمین کو ایک نئی پہچان دی۔ اس کے بیج ایک محفوظ خول میں بند تھے، جو بعد میں پھل میں بدل جاتے۔ یہ ارتقا کا ایک شاہکار تھا۔
لیکن اس نئے بیج کو صرف ہوا کی مدد سے زرخیز بنانا ممکن نہیں تھا۔ پودے کو ایک نیا حل چاہیے تھا، اور اسی وقت پھول وجود میں آئے۔

پھول ایک شاندار مارکیٹنگ ٹول کے طور پر تیار ہوئے۔ ان کے روشن رنگ، پیچیدہ شکلیں، اور دلکش خوشبوئیں سب ایک نئے قسم کے کاروباری ساتھی: جانوروں کو راغب کرنے کے لیے تیار کی گئی تھیں۔ سودا سادہ تھا: “میرے پاس ناشتے (نیکٹر) کے لیے آؤ، اور بدلے میں، میں تمہیں پولن سے بھر دوں گا جسے تم براہ راست میرے پڑوسی تک لے جا سکتے ہو۔” یہ ایک جیت کی صورتحال تھی، جو ہوا پہ انحصار کرنے والی پراننی لاٹری سے کہیں زیادہ موثر تھی۔ اس ذہین حکمت عملی کا خاکہ ہمارے چھوٹے سے آرکیفروکٹس میں بھی نظر آتا ہے۔ اس میں ایک جدید پھول کے اہم حصے تھے سٹیمن، وہ اعضاء جو پولن پیدا کرتے ہیں، اور ایک کارپل، ایک خاص تبدیل شدہ پتہ جو انڈے کے خلیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ان کے گرد لپٹا ہوتا تھا۔ یہ ایک مکمل طور پر فعال پھول تھا، بس بغیر کسی فینسی پیکجنگ کے۔

پودوں اور جانوروں کے درمیان یہ نئی شراکت داری ایک زبردست کامیابی تھی۔ یہ ایک حیاتیاتی فیڈ بیک لوپ تھا جس نے تنوع کے دھماکے کو فروغ دیا۔ پھولوں والے پودے پھلنے پھولنے لگے، اور ان کے ساتھ، بے شمار نئے حشراتی پولن کنندگان تیار ہوئے، ہر ایک مختلف پھولوں کی شکلوں اور پولنشن حکمت عملیوں کے مطابق ڈھل گیا۔ جب تک ٹی ریکس زمین پر گھوم رہا تھا، پھول دنیا پر قبضہ کرنے کے لیے اپنی راہ پر تھے۔

پھول اپنی شکل، رنگ اور خوشبو کے ساتھ جانوروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے لگے۔ بدلے میں، جانور ان کے پولن کو ایک پودے سے دوسرے پودے تک لے جاتے۔ یہ ایک شراکت داری تھی جو دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی۔ یہ حکمت عملی اتنی کامیاب ہوئی کہ پھولوں والے پودے زمین پر چھا گئے اور جانوروں کی کئی نئی اقسام پیدا ہوئیں۔ آج، پھولوں والے پودے زمین پر تمام پودوں کی زندگی کا 80% سے زیادہ حصہ بناتے ہیں۔ ہر وہ سیب جو آپ کھاتے ہیں، ہر وہ ٹیولپ جس کی آپ تعریف کرتے ہیں، اور چاول کا ہر وہ دانہ جو اربوں لوگوں کو کھانا دیتا ہے، اس ایک چھوٹے، شاندار خیال کا مرہون منت ہے۔ یہ سب ایک پودے کی عاجزانہ جھلک سے شروع ہوا جس نے سبز اور بھورے رنگ کی دنیا میں کھلنے کی جسارت کی، اور ہمارے سیارے کا رنگ ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔لیکن اس کہانی کا ایک اور پہلو بھی ہے، ایک ایسا پہلو جس نے سائنس کے عظیم دماغوں کو حیران کر دیا۔

ڈارون کے لئے پھولوں کی اچانک موجودگی ایک نا سلجھنے والی پہیلی تھی۔ فوسل ریکارڈ کے مطابق، پھول تقریباً تیرہ کروڑ سال پہلے نمودار ہوئے، لیکن ڈی این اے کے تجزیے کچھ اور کہانی سناتے ہیں۔ جینیاتی گھڑی کے مطابق، پھول تقریباً اکیس کروڑ سال پہلے وجود میں آئے۔ یہ فرق پورے سات آٹھ کروڑ سال کا ہے، ایک ایسا خلا جو ہمیں بتاتا ہے کہ کہانی میں ابھی بھی کئی راز چھپے ہیں۔
فوسل ماہرین اور جینیات کے سائنسدانوں کے درمیان یہ بحث آج بھی جاری ہے۔ فوسل ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پھول اس وقت موجود ہوتے تو ہمیں ان کے فوسل ضرور ملتے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ریکارڈ میں خاموشی کا مطلب ہے کہ پھول واقعی اس وقت موجود نہیں تھے۔ دوسری طرف، جینیاتی سائنسدان سمجھتے ہیں کہ فوسل ریکارڈ نامکمل ہے۔ ان کے مطابق، ابتدائی پھول چھوٹے، نایاب اور ایسے علاقوں میں موجود تھے جہاں فوسلز بننا مشکل تھا۔
یہ بھی ممکن ہے کہ جینیاتی گھڑی کے حساب کتاب میں کچھ غلطیاں ہوں۔ یہ گھڑیاں پیچیدہ ریاضیاتی ماڈل پر مبنی ہیں، اور اگر ان ماڈلز میں کوئی مفروضہ غلط ہو جائے، تو نتیجہ بھی بدل سکتا ہے۔ اس بحث نے سائنسدانوں کو مزید تحقیق پر مجبور کر دیا۔ آج بھی دنیا کے مختلف حصوں میں سائنسدان نئی دریافتوں کے لیے زمین کھود رہے ہیں، پرانے نمونوں کا ازسرِنو تجزیہ کر رہے ہیں، اور ڈی این اے کے مزید نمونے اکٹھے کر رہے ہیں۔

پھولوں کے ارتقا کو سمجھنا صرف ایک سائنسی شوق نہیں بلکہ ہماری زمین کی تاریخ کو سمجھنے کی ایک کنجی ہے۔ یہ ہمیں بتاتا ہے کہ پولن لے جانے والے کیڑے کب اور کیسے ارتقا پذیر ہوئے، پھل کھانے والے جانور کس طرح وجود میں آئے، اور ماحولیاتی نظام کیسے بدلا۔ ہر نئی دریافت اس داستان کو مزید واضح کر رہی ہے۔
پھولوں کا ارتقا ایک جادوئی کہانی کی طرح ہے۔ یہ ہمیں دکھاتا ہے کہ کس طرح چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں ایک پورے سیارے کو بدل سکتی ہیں۔ وہ وقت یاد کریں جب زمین سبز اور بھورے رنگوں میں ڈوبی ہوئی تھی۔ اس سادہ دنیا میں ایک پودے نے کھلنے کا فیصلہ کیا، اور آج اس کے نتیجے میں ہمارے پاس رنگ برنگے پھول، خوشبودار باغات، اور مختلف ذائقوں سے بھرپور پھل ہیں۔

یہ کہانی محض سائنس کی نہیں بلکہ تخلیق اور بقا کی بھی ہے۔ یہ ہمیں سکھاتی ہے کہ زندگی کبھی رکتی نہیں، وہ ہمیشہ نئے راستے تلاش کرتی ہے۔ کبھی چھوٹے تالاب میں اگنے والے پھول دنیا کے سب سے مقبول پودے بن جاتے ہیں۔ کبھی فوسل کی خاموش چٹانیں ہزاروں سال پرانی کہانیاں بیان کرتی ہیں۔ اور کبھی سائنسدان ایک ننھے سے پولن کے ذرے میں پوری زمین کی تاریخ تلاش کر لیتے ہیں۔
شاید ایک دن یہ معمہ بھی حل ہو جائے گا کہ پہلا پھول کب اور کہاں کھلا۔ تب تک، ہر کھلتا ہوا پھول ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ زمین کی کہانی رنگوں، خوشبوؤں اور حیرت انگیز ارتقا سے بھری ہوئی ہے۔
(جاری ہے)