بطور استاد ہر سال سینکڑوں بچے میری نظروں کے سامنے سے گزرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ بہت اطاعت شعار ہوتے ہیں۔ وہ والدین اور اساتذہ کی ہدایات کو توجہ سے سنتے ہیں اور ان پر ہر ممکن عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ دوسری طرف کچھ بچے قدرتی طور پر باغی محسوس ہوتے ہیں اور ان سے کچھ بھی منوانا ناممکن محسوس ہوتا ہے۔ کہیں بغاوت اور نافرمانی، کہیں حد سے زیادہ اطاعت اور لوگوں کو خوش کرنے کی کوشش۔ فطری طور پر، استاد کو اطاعت اور نظم و ضبط والے بچے زیادہ قابلِ قبول محسوس ہوتے ہیں، جبکہ مزاحمت اور سرکشی کو قابو میں رکھنے کی خواہش جنم لیتی ہے۔ مگر یہ رویّے محض ضد یا بدتمیزی نہیں ہوتے؛ ان کے پیچھے اکثر گہرے نفسیاتی اسباب اور ادھوری ضرورتیں کارفرما ہوتی ہیں۔ اگر ہم ان رویّوں کو کنٹرول کرنے کے بجائے سمجھنے کی کوشش کریں، تو نہ صرف طلبہ کے رویّے میں بہتری آ سکتی ہے بلکہ ہمارے اپنے روئیے بھی بہتر ہو سکتے ہیں۔ یہی فہم تعلیم کو محض نظم و ضبط سے آگے لے جا کر شعور اور تعلق کے عمل میں بدل سکتی ہے۔
ماہرین نفسیات کے مطابق ہماری جسمانی اور نفسیاتی بقا کے لیے تین ضرورتیں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں: تحفظ، محبت اور آزادی۔ جب یہ ضروریات پوری نہیں ہوتیں، تو ہم ایک اضطراب کی کیفیت میں چلے جاتے ہیں اور اپنی بقا کے لیے ایسے روئیے اپنا لیتے ہیں جو مشکل حالات میں ہمیں محفوظ رکھ سکیں اور محرومیوں کی تلافی کر سکیں۔ محبت کی عدم دستیابی ہمیں دوسروں پر حد سے زیادہ انحصار کرنے والا اور ہر قدم پر دوسروں کی تائید و توثیق کا متلاشی بنا سکتی ہے، یا اس کے برعکس، بعض لوگوں میں یہی کمی جذباتی دوری کا سبب بن سکتی ہے (گویا ہمیں محبت کی بالکل ضرورت ہی نہیں)۔ آزادی کی کمی یا جبر خود کو یکسر نظر انداز کرنے، اپنی ضروریات کو چھوڑ کر مصلحت پسندی، یا پھر مزاحمت اور بغاوت کا باعث بن جاتی ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ، مصلحت یا بغاوت کی یہ بقائی حکمت عملیاں پختہ ہو کر پکے روئیے بن جاتی ہیں۔ جوں جوں یہ روئیے کسی کی ذات میں مستحکم ہوتے جاتے ہیں، وہ وقت کے ساتھ بار بار ظاہر ہونے لگتے ہیں اور ہماری شناخت کا حصہ محسوس ہونے لگتے ہیں، جبکہ حقیقت میں وہ ہماری اصل ذات کو دبا کر ہمیں کنٹرول کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ ہماری سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو محدود کرتے جاتے ہیں اور مختلف حالات میں مختلف ردعمل دینے کے بجائے ہم ہر جگہ ایک سا ہی رویہ رکھنے لگتے ہیں۔ یہ مخصوص ردعمل ہمارے دماغ کا لازمی جزو بن جاتے ہیں اور ہر دفعہ باہر آنے پر یہ مزید پختہ ہوتے جاتے ہیں، جبکہ متبادل رد عمل نظر انداز ہو جاتے ہیں۔ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ یہ روئیے اس شخص نے اپنی حفاظت اور ضروریات کی تکمیل کے لیے تیار کی گئی ایک حکمت عملی کے طور پر اپنائے تھے۔ ان روئیوں کو تبدیل کرنے کے لیے، ہمیں آگاہی،درست رد عمل کی طرف دانستہ قدم بڑھانے، متبادل حکمت عملیوں، اور پھر انہیں برقرار رکھنے کے لیے توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔
Table of Contents
بچے کی ذہنی نشوونما میں ضروریات کا کردار
پیدائش کے وقت سے ہی، بچہ اپنی بنیادی جسمانی اور جذباتی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنے اردگرد کے ماحول (بشمول افراد) پر مکمل طور پر منحصر ہوتا ہے: خوراک، آغوش، ہم آہنگی، جذباتی انعکاس (حرکات پر دوسروں کا رد عمل)، چاہے جانے کا احساس، اور نگہبان (عموما ماں) کی ہمہ وقت موجودگی۔ جب یہ ضروریات کافی حد تک پوری ہو جاتی ہیں، تو بچے میں اعتماد، خود شناسی، اور تحفظ کا ایک احساس اجاگر ہوتا ہے۔ جب ضروریات پوری نہیں ہوتیں، تو بچہ فطری طور پر احتجاج کرتا ہے۔ اس عمر میں، رونا، غصہ کرنا، اور مزاحمت دکھانا، یہ سب تعلق کو بحال کرنے اور دوسروں کی توجہ لینے کی جائز اور صحت مندانہ کوششیں ہوتی ہیں۔ تاہم اگر ضروریات پوری نہ ہوں تو جذبات شدید ہوتے جاتے ہیں: خوف، تکلیف، غصہ، اور تڑپ۔ چونکہ کوئی بھی پالنے والا (ماں یا دیگر رشتہ دار) بچے کی ضروریات کو ہر وقت سو فیصد یا مستقل طور پر پورا نہیں کر سکتا، اس لیے ہر بچے کی ذات میں کچھ نہ کچھ مایوسی اور ناامیدی بہرحال ناگزیر ہے۔
تاہم اگر زندگی میں ناکافی توجہ یا ناامیدی کا بار بار سامنا ہو تو یہ بچے کو زندگی کے بارے میں بنیادی عقائد یا نتائج اخذ کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ بچہ اپنی ذات میں محدود ہو سکتا ہے اور ممکن ہے کہ وہ اس نتیجے پر پہنچ جائے کہ: “میں کمزور ہوں، محبت کے لائق نہیں ہوں، دوسروں سے تعلق نہیں بنا سکتا، یا غلط ہوں۔” اور وہ اپنے اردگرد طاقتور لوگوں کو غلطی سے مبرا سمجھنے لگتا ہے: “ماں ٹھیک کہتی ہے؛ یا باپ نے بلاوجہ نہین مارا؛ میری ہی غلطی تھی۔” والدین سے وابستگی کے جذبے کو بچانے کے لیے، بچہ اپنی ضروریات کو ترک کر سکتا ہے اور اطاعت یا مسلسل لوگوں کو خوش کرنے (خوشامد) کا روئیہ اپنا سکتا ہے۔ خواہ اسکے لیے اسے حقیقت کی ہی قربانی دینی پڑے (اگر ماں نے کہہ دیا ہے کہ مجھے بھوک نہیں لگ رہی تو مجھے واقعی کھانے کی ضرورت نہیں ہے، اندر موجود بھوک کا احساس جھوٹ ہے)۔ متبادل طور پر، بچہ اس بگاڑ کو دوسروں کی طرف منسوب کر سکتا ہے اور یہ نتیجہ اخذ کر سکتا ہے: “ساری دنیا غلط ہے۔” اپنی خودمختاری اور عزت نفس کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش اب مزاحمت، سرکشی، اور بغاوت کے طور پر سامنے آتی ہیں۔ طاقتور یا بااختیار لوگوں کو ظالم سمجھا جاتا ہے، اور آزادی کی جدوجہد کے لیے میدان جنگ تیار ہو جاتا ہے۔
ان دونوں حکمت عملیوں (اطاعت اور بغاوت) کی بنیاد، بچے کی فطری ذہانت اور محبت کی تڑپ ہی ہیں۔ وہ چاہتا ہے کہ اپنی ذات سے جڑے رہتے ہوئے اردگرد کے حالات کا کوئی مطلب نکالے۔ اور اگر یہ الجھن اس کی برداشت کی صلاحیت سے بڑھ جائے تو اس کا نقصان بالاخر اسکی ذات کو ہوتا ہے۔
نطشے کے تین بنیادی ردعمل
ہم نے دیکھا کہ بچے کے ردعمل کے پیچھے اس کی ادھوری ضروریات ہوتی ہیں:
- محبت اور تعلق کی ادھوری ضروریات چمٹنے، لوگوں کو خوش کرنے، یا جذباتی دوری کا باعث بن سکتی ہیں۔
- تحفظ اور سلامتی کی ادھوری ضروریات کنٹرول، اضطراب، یا جذباتی شٹ ڈاؤن کا باعث بن سکتی ہیں۔
- آزادی اور خودمختاری کی ادھوری ضروریات بغاوت، سرکشی، یا غیر فعال مزاحمت کا باعث بن سکتی ہیں۔
یہ حکمت عملیاں اس بے بس بچے کو زندہ رہنے میں مدد دیتی ہیں۔ تاہم، وقت کے ساتھ ساتھ، یہ قربت، تعاون، اور حقیقی طاقت کو محدود کر دیتی ہیں۔ بنیادی طور پر دیکھیں تو ادھوری ضروریات، تصادم، یا اختیار کے خلاف رد عمل تین طرح کے ہو سکتے ہیں:
1. ان حالات کے سامنے ہتھیار ڈالنا — اطاعت یا خوشامد
2. ان حالات کے خلاف بغاوت کرنا — مزاحمت
3. ان حالات میں غیر متحرک رہنا — نہ خوشامد اور نہ مزاحمت
نطشے نے ان حکمت عملیوں کو اپنی ایک مثال – اونٹ، شیر اور بچے – کے ذریعے سمجھانے کی کوشش کی ہے۔ اپنی مشہور تصنیف (Thus Spoke Zarathustra) میں وہ خود شناسی (Self-actualization) کے راستے پر نفسیاتی اور روحانی ارتقاء کے مراحل کی وضاحت اس مثال کے ذریعے کرتا ہے۔
1. اونٹ: بوجھ اٹھانے والا
اونٹ اس شخص کی طرح ہے جو روایت اور قانون کا احترام کرتا ہے اور سماجی، مذہبی اور اخلاقی بوجھ کو خوش دلی سے قبول کرتا ہے۔ اس کی خصوصیات میں اطاعت، صبر، عاجزی، استقامت اور ذمہ داری شامل ہیں۔ اونٹ گھٹنے ٹیک کر پوچھتا ہے، “سب سے بھاری چیز کیا ہے؟” پھر، اس کو فریضہ سمجھتے ہوئے اٹھا لیتا ہے۔ اگرچہ یہ مرحلہ غیر شعوری یا مرضی کے بغیر ہوتا ہے، لیکن بنیادی نظم و ضبط کے لیے ضروری ہے۔ بالآخر کبھی نہ کبھی، اونٹ صحرا میں داخل ہوتا ہے — جو تنہائی کی علامت ہے — جہاں اگلی تبدیلی رونما ہوتی ہے۔
2. شیر: مقدس انکار
صحرا میں، اونٹ شیر بن جاتا ہے۔ شیر معاشرے کے “کرنا چاہیے” اور “لازم ہے” کے تصورات سے بغاوت اور آزادی کی علامت ہے۔ شیر اپنی آزادی اور ضروریات کے لیے لڑتا ہے۔ اس کی خصوصیات میں خود مختاری، قوت ارادی اور آزادی کی خواہش شامل ہے۔ شیر ایک “بڑے اژدھے” سے لڑتا ہے، جو پرانے (موروثی) اخلاقیات اور وراثت میں ملے ہوئے اقدار کی نمائندگی کرتا ہے۔ شیر کا مقصد پرانی پابندیوں کو توڑنا اور “نئی تخلیق کے لیے آزادی” حاصل کرنا ہے۔ تاہم، شیر صرف ایک مقدس انکار “نہیں” کہہ سکتا ہے؛ وہ ابھی تک “ہاں” نہیں جانتا۔ وہ ابھی تک نئے اقدار یا وژن تخلیق نہیں کر سکتا۔ وہ خود کو کسی چیز سے آزاد کرانے کے لیے لڑتا ہے، لیکن وہ ابھی تک یہ نہیں جانتا کہ وہ کس چیز کے لیے لڑ رہا ہے۔
3. بچہ: مقدس تصدیق اور تخلیق
آخری اور اعلیٰ ترین مرحلہ بچہ ہے۔ بچہ ایک نئے آغاز، (توڑی گئی روایات کو) بھولنے اور نئی تخلیق کرنے کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہاں، بچہ کامل شخصیت والا، باخبر اور آزادانہ انتخاب کرنے کے قابل ہوتا ہے۔ اس کی خصوصیات میں تخلیقی صلاحیت، بے ساختگی، کھیل اور زندگی سے محبت شامل ہے۔ بچہ “خود گھومنے والا پہیہ” ہے، جو صرف اپنے اندرونی ارادے سے کام کرتا ہے، بیرونی نظام پر انحصار کیے بغیر اپنے اقدار خود تخلیق کرتا ہے۔ اس مرحلے میں، فرد بیدار ہو جاتا ہے، اپنی تقدیر کا مالک بن جاتا ہے، نئے اقدار کا خالق بن جاتا ہے، اور اپنی اعلیٰ ترین صلاحیت کا ادراک کرتا ہے۔
ردعمل سے صداقت کی طرف تبدیلی کا عمل
علاج اور شفا کا سفر اس وقت شروع ہوتا ہے جب مسخ شدہ اور غیر شعوری روئیوں کو شعور کے تابع لایا جائے۔ تب شعور اس بقا پر مبنی ردعمل کو سچائی، مرضی اور اندرونی خود مختاری کے ذریعے بدل سکتا ہے۔ تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ اس نقصان دہ روئیے کی تشخیص بغیر تنقید کے کی جائے۔ جب ہم ردعمل کے پیچھے چھپی ادھوری ضرورت کی نشاندہی کر لیں، تو ہم اپنی زندگی میں انتخاب کی صلاحیت واپس حاصل کر لیتے ہیں۔ تب طاقت اور تصادم کا مطلب خطرہ نہیں رہتا۔ اس کے بجائے، یہ دونوں خود اختیاری اور ترقی کے مواقع بن سکتے ہیں، جس سے فرد کو اضطراب کے بجائے اقدار سے، جہالت کے بجائے وضاحت سے، اور خوف کے بجائے محبت سے جواب دینے کی اجازت ملتی ہے۔ اس طرح، شعور بقا کے روئیوں کو ارتقا کے مواقع میں بدل سکتا ہے، جس سے ہمیں ردعمل سے ہٹ کر اپنے اور دوسروں کے ساتھ ٹھوس، باشعور اور مضبوط تعلق کی طرف بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔
تبدیلی زبردستی تبدیلی لانے سے نہیں آتی، بلکہ اپنے اندر موجود ضرورتوں اور خواہشات کے شعوری ادراک سے آتی ہے۔ اونٹ سے شیر کی طرف حرکت کا آغاز شعور سے ہوتا ہے۔ اونٹ کو سب سے پہلے، بغیر تنقید کے، ایک بقا کی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جانا چاہیے جس نے کبھی تعلق اور وابستگی کی حفاظت کی۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم دیکھ سکیں کہ ہم کہاں خود بخود اطاعت اختیار کر لیتے ہیں، خود کو خاموش کرتے ہیں، یا ایسے بوجھ اٹھاتے ہیں جو ہمارے نہیں ہیں۔ جب اونٹ کے نیچے دبے ہوئے غصے، غم اور تڑپ کو شعور میں آنے کی اجازت دی جاتی ہے، تو شیر قدرتی طور پر جاگ اٹھتا ہے۔ یہاں غصہ کوئی مسئلہ نہیں ہے؛ یہ ایک ایسی زندگی کی قوت ہے جو اظہار کے لیے واپس آ رہی ہے۔ یہ پامال شدہ حدود، نظر انداز کی گئی ضروریات، اور ایک ایسے نفس کی علامت ہیں جو وجود میں آنے کے لیے تیار ہے۔ اس مرحلے کا احترام کیے بغیر، اونٹ محض ڈھیر ہو جاتا ہے یا مزید جڑ پکڑ لیتا ہے۔
شیر سے لے کر حقیقی، باخبر بچے تک کا سفر اس وقت ہوتا ہے جب تنازع کے دوران تشدد کا راستہ نہ اپنایا جائے یا اسے اختیار اور طاقت کے خلاف نہ موڑا جائے، بلکہ پیچھے چھپے غصے کو سمجھا جائے۔ شیر کو تمیز سیکھنی چاہیے، یہ پہچاننا چاہیے کہ ہر پابندی کا مطلب جبر نہیں ہے اور ہر تنازع کے لیے جنگ ضروری نہیں۔ جب بے شعور مفروضوں پر سوال اٹھائے جاتے ہیں، اندرونی اختیار رد عمل کی جگہ لینا شروع کر دیتا ہے۔ بچہ اس وقت ابھرتا ہے جب طاقت اور حساسیت مزید منقسم نہیں رہتے: ضروریات کا اظہار ضد کے بغیر کیا جا سکتا ہے، حدود متعین کی جا سکتی ہیں اور ان کا احترام ضروری ہے، اور یہ کہ سچ بولنے سے کوئی آپ کو چھوڑ نہیں جائے گا۔
بچہ معصوم نہیں ہوتا؛ وہ معاملات کو اچھی طرح سمجھتا ہے۔ وہ خود کو پہچانتا ہے اور اپنی قیادت خود کر سکتا ہے، اور طاقت اور تنازع کی صورت میں صرف بقا کے بجائے تعلق، آزادی اور شعوری انتخاب کو اہمیت دیتا ہے۔ کاش ہم سب وہ بچہ بن سکیں۔
اصل مضمون کا لنک:
https://www.psychologytoday.com/us/blog/the-wisdom-of-anger/202512/why-we-submit-rebel-or-awaken