پانچ جون سے ڈجی سکلز کے آن لائن کورسز میں مفت داخلے شروع ہو رہے ہیں۔ حکومت ورچوئل یونیورسٹی کے تعاون سے پندرہ کورسز کروا رہی ہے۔

1۔ فری لانسنگ
اس میں سکھاتے ہیں کہ آن لائن کام کیسے کر سکتے ہیں، کام کہاں سے ڈھونڈنا ہے، کہاں کہاں اکاؤنٹ بنانا ہے، کس کس قسم کا کام کیا جا سکتا ہے، کلائنٹ سے ڈیل کیسے کرنا یے، پیسے کیسے لینے ہیں وغیرہ

2۔ ڈجیٹل لٹریسی
جن کو کمپیوٹر چلانا بالکل نہیں آتا وہ لوگ یہ کورس کر سکتے ہیں، اس میں ورڈ، ایکسل، پاور پوائنٹ، انٹرنیٹ وغیرہ کی بنیادی معلومات ہیں۔

3۔ ویڈیو ایڈیٹنگ اینڈ اینی میشن
اس میں ویڈیوز یا اشتہار وغیرہ بنانا، ایڈٹ کرنا، کارٹون وغیرہ بنانا سکھاتے ہیں۔ اس کام کے لیے آپ کے پاس ایک اچھا طاقتور کمپیوٹر ہونا ضروری ہے۔

4۔ ورڈ پریس
اس میں ویب سائٹ بنانا اور چلانا سکھاتے ہیں۔ یہ بنیادی کورس ہے اور تقریبا ہر فیلڈ کے لوگ یہ کورس کر سکتے ہیں۔

5۔ سرچ انجن آپٹیمائزیشن
اس میں اپنی ویب سائٹ کو سرچ انجن جیسے گوگل وغیرہ میں اوپر لانے کے طریقے بتاتے ہیں۔ اگر آپ نے پہلے ورڈ پریس کا کورس کیا ہے تو یہ کورس کریں۔

6۔ ای کامرس
اس میں آن لائن سٹور پر چیزیں بیچنے کے مختلف طریقے سکھاتے ہیں۔ اس کورس سے پہلے بھی بہتر ہے کہ آپ ورڈ پریس کا کورس کر لیں۔ اگر آپ بزنس یا مارکیٹنگ وغیرہ پڑھ رہے ہیں تو یہ کورس آپ کو بہت فائدہ دے گا۔

7۔ ڈجیٹل مارکیٹنگ
اس پر فیس بک اور گوگل وغیرہ پر پراڈکٹ کے اشتہار چلانا سکھاتے ہیں۔ اگر آپ کی تعلیم بزنس یا کامرس سے متعلق ہے تو یہ کورس آپ کو دونوں طرف سے فائدہ دے سکتا ہے۔

8۔ ڈیٹا اینالیٹکس
یہ کامرس، سٹیٹ، بزنس یا ریاضی کے سٹوڈنٹس کے لیے اچھا کورس ہے۔ اس میں ڈیٹا کو اینالائز کرنا، گراف وغیرہ بنانے کے مختلف سافٹ ویئرز جیسے ایکسل، گوگل شیٹس، پاور بی آئی، آر وغیرہ سکھاتے ہیں۔

9۔ ایمازون ورچوئل اسسٹنٹ
اس میں ایمازون پر سٹور بنا کر بیرون ملک چیزیں بیچنا سکھاتے ہیں۔ یہ کام بھی بزنس سے متعلقہ تعلیم حاصل کرنے والوں کے لیے بہت فائدہ مند ہو گا۔

10۔ افیلیئیٹ مارکیٹنگ
اس میں اپنی ویب سائٹ پر دوسروں کی پراڈکٹس کی مشہوری کر کے پیسے کمانا سکھایا جاتا ہے۔ اگر آپ یو ٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک یا بلاگنگ پلیٹ فارمز پر وغیرہ پر انفلوئنسر ہیں اور لوگ آپ کو فالو کرتے ہیں تو یہ کورس کر کے آپ اپنی پروفائلز سے پیسے کمانا سیکھ سکتے ہیں۔

11۔ کمیونیکیشن اینڈ سافٹ سکلز
اس میں انگریزی بول چال کے اصول اور کلائینٹ سے بات کرنے کے اصول و ضوابط اور وقت کی پابندی، پراجیکٹ مینجمنٹ وغیرہ سکھاتے ہیں

12۔ کری ایٹو رائٹنگ
اس میں بلاگ، کہانی، مضمون، اشتہار وغیرہ لکھنا سکھایا جاتا ہے (انگریزی میں)

13۔ آٹو کیڈ
اس میں مکان یا بلڈنگ کے نقشے بنانا، مشینوں اور پرزوں کے تھری ڈی ڈیزائن وغیرہ بنانا سکھاتے ہیں جو انجینئرنگ وغیرہ کے سٹوڈنٹس کا کام ہے۔

14۔ کوئک بکس
یہ اکاؤنٹنگ کا سافٹ ویئر ہے۔ کامرس، بزنس، اکنامکس، اکاؤنٹنگ وغیرہ کے سٹوڈنٹس کر سکتے ہیں۔

15۔ گرافک ڈیزائن
اس میں تصاویر کی ایڈیٹنگ، پوسٹر اور اشتہار وغیرہ بنانا سکھاتے ہیں۔ اس کام کے لیے بھی آپ کو اچھا طاقتور کمپیوٹر چاہیئے۔

ان سب فیلڈز میں آن لائن کام کی بھرمار ہے۔ اگر کوئی سٹوڈنٹ کورس کے ساتھ ساتھ پریکٹس کرتا جائے اور فری لانسنگ کی ویب سائٹس پر اکاؤنٹ وقت پر بنا لے تو تین سے چھے ماہ میں کام ملنا شروع ہو جاتا ہے اور بچے کو یہ بھی سمجھ آ جاتی ہے کہ اپنی مرضی کی فیلڈ میں آگے کیسے بڑھنا ہے، سیکھنا کیسے ہیں اور کام کیسے ملے گا۔ توجہ سے کام کریں تو چھے ماہ میں پندرہ سے تیس ہزار اور سال میں پچاس ہزار سے زیادہ کمانا شروع کر دیتے ہیں بچے۔ اور اس کمائی میں نہ بچے کے نمبروں کی شرط ہے نہ رٹے کی ضرورت پڑتی ہے۔ اپنی مرضی اور شوق کے مطابق کورس سلیکٹ کریں اور شوق شوق میں پیسے کمائیں۔
ڈجی سکلز ورچوئل یونیورسٹی کا پروگرام ہے۔ آپ ایک وقت میں دو کر سکتے ہیں۔ تمام کورسز حکومت کی طرف سے مفت ہیں۔ میٹرک کے بعد سے سٹوڈنٹس سیکھنا شروع کر دیں تو یونیورسٹی تک آتے آتے اچھے پیسے کمانا شروع کر دیتے ہیں۔ میرے اپنے سٹوڈنٹس اللہ کے فضل سے لاکھوں روپے ماہانہ کما رہے ہیں۔ بالخصوص لڑکیوں کو اس کام کی طرف ضرور لگانا چاہئے کیونکہ وہ زیادہ مستقل مزاج ہوتی ہیں اور سیکھنے پر زیادہ توجہ دیتی ہیں۔ پھر ان کے آنے جانے اور اجازت وغیرہ کے مسائل بھی زیادہ ہوتے ہیں تو اگر وہ اس لائن پر چل پڑیں تو اپنا اور پورے خاندان کا مستقبل سنوار سکتی ہیں۔ میں بالواسطہ ایسے لوگوں کو بھی جانتا ہوں جو چند سالوں میں آن لائن کام کر کے کروڑوں روپے کما چکے ہیں۔ لیکن اس بات کا خیال رہے کہ آن لائن کے نام پر اکثر فراڈ بھی ہوتا ہے اور جب بھی بچوں کو کہا جائے تو وہ اکثر پہلے فراڈ میں ہی پھنستے ہیں۔ اسلیے ضروری ہے اچھے سرکاری سرپرستی میں بننے والے ریسورسز کی طرف ان کی رہنمائی کی جائے۔

یہ ڈجی سکلز کا پہلا لیکچر ہے۔ اسے دیکھ کر آپ کو اس کی اہمیت کا اندازہ ہو جائے گا

FRL101_Topic001_New

Muhammad Bilal

I am assistant professor of biology at Govt. KRS College, Lahore. I did my BS in Zoology from University of the Punjab, Lahore and M.Phil in Virology from National University of Sciences and Technology, Islamabad. I am Administrator at EasyLearningHome.com and CEO at TealTech