مٹر کے پودے اور نسلی شرارتیں

{گزشتہ ( قسط نمبر 1) سے پیوستہ
2. جب اسی نسل کے صرف پیلے مٹر والے پودوں کا آپس میں ملاپ ہوا، تو پیلے اور سبز دونوں کیوں آۓ جبکہ پہلے صرف پیلے آۓ تھے؟؟

3. سبز اور پیلے مٹر کا تناسب 3/4:1/4 کیوں آیا؟ برابر کیوں نہیں؟

مینڈل نے اسے وراثتی کھیل تصور کیا۔۔۔ اس نے یہ کہا کہ
1) ہر جاندار میں جو بھی خصوصیت موجود ہوتی ہے، وہ کسی “وراثتی اکائی” کا نتیجہ ہوتی ہے اور یہ وراثتی اکائی اسی جاندار میں موجود ہوتی ہے۔
2) یہ وراثتی اکائی جوڑے کی صورت میں ہوتی ہے ورنہ مٹروں کے رنگ دو طرح کے نا ہوتے۔۔۔}

قسط نمبر 2 (آخری)

دوسرے سوال (یعنی دو رنگ والی نسل) کا جواب مینڈل کے لیے ایک چیلنج تھا ۔۔ اس دور میں جب جینیات کا کام ابھی اتنی ترقی نہیں کر سکا تھا اور بات توہمات تک محدود تھی۔۔۔ جب پیلا رنگ سبز پر فوقیت رکھتا ہے، تو پھر سبز مٹر والی نسل وجود میں کیوں آئی۔۔۔ یہاں اب مینڈل کو پیپر ورک کرنا پڑا۔۔۔ اس کے مفروضے کے مطابق یہ “دوہرا” عمل تب تک ممکن نہیں تھا جب تک یہ فرض نا کر لیا جاۓ کہ جینز کا جوڑا سپرم/بیضہ بنتے وقت ایک دوسرے سے علیحدہ ہوجاتا ہے، اور اگلی نسل میں دوبارہ جوڑی کی صورت اختیار کرلیتا ہے۔۔۔ یہ نتیجہ اس نے کیسے نکالا؟
جب پیلے مٹر اور سبز مٹر کی نسل کو کراس کروایا گیا، تو ایک نسل کی طرف سے صرف پیلا رنگ متعین کرنے والا جین آیا جب کہ دوسری (سبز) نسل کی طرف سے صرف سبز رنگ کو متعین کرنے والا۔۔۔ ایسی صورت میں، اگر ایک ہی پودے میں پیلے اور سبز دونوں کے جینز ( سپرم اور بیضیے کے ملاپ سے) جمع ہوجاتے ہیں تو مینڈل کے تیسرے نتیجے (پچھلی قسط) کے مطابق پیلے مٹر کا جین سبز مٹر پر غالب ہوجائیگا یعنی مٹر کا رنگ پیلا ہی رہے گا چاہے سبز رنگ کا جین موجود ہو، اس وجہ سے ساری نسل ہی پیلے مٹر والی ہوگی۔۔۔ یہاں ایک بات یہ بھی غور طلب ہے کہ والدین والی نسل سے جو جین ایک دوسرے سے علیحدہ ہوگئے تھے، وہ اپنے ہی جیسوں سے اگلی نسل میں دوبارہ آکر مل جائینگے جیسا کہ مینڈل نے تصور کیا تھا۔۔۔ اور دوبارہ سے ان کی جوڑی بن جائیگی, لیکن پہلے جوڑی تھی پیلے پیلے یا سبز سبز کی، لیکن اب جو جوڑی بنی ہے وہ پیلے اور سبز سپرم اور بیضے کے ملاپ سے “پیلے اور سبز” جین کی بنی ہے۔۔۔ لیکن دوسرا سوال اب بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ اگلی نسل میں پیلا اور سبز دونوں کیوں؟؟۔۔ اُس کا جواب کچھ ایسے بنتا ہے ۔۔ کہ
پیلے اور سبز رنگ کے مٹروں کے ملاپ سے جو نسل بنی ہے، مینڈل کے کام کے مطابق اب اس میں جو جینز کی جوڑی موجود اس میں ایک سبز مٹر کا جین ہے اور ایک پیلے مٹر کا (کیونکہ سپرم اور بیضہ دونوں ہی جینز کے کر آۓ ہیں)۔۔۔ اب جب اگلی نسل کا سپرم/بیضہ بنے گا، تو اس میں سبز اور پیلے دونوں طرح کے مٹر کے جینز کا امکان موجود ہوگا (فرق جانیے پہلے سپرم/بیضہ میں صرف ایک طرح کا جین تھا)۔۔۔ جب سپرم ایک بیضے سے ملاپ کرے گا تو مندرجہ ذیل امکانات موجود ہونگے
اگر
سپرم (پیلا جین)، بیضہ (پیلا جین) تو بیج کا رنگ: پیلا
اگر
سپرم (پیلا جین)، بیضہ (سبز جین) تو بیج کا رنگ: پیلا (کیونکہ پیلا فوقیت رکھتا ہے
اگر
سپرم (سبز جین)، بیضہ (سبز جین) تو بیج کا رنگ: سبز

یہاں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ
پہلی نسل میں جب تمام مٹر پیلے وجود میں آئے تھے، تو اس نسل کو والدین سے ایک پیلا اور ایک سبز جین ہی ملا تھا۔۔۔ لیکن کیونکہ ہر ایک میں پیلا جین موجود تھا اس لیے سبز رنگ ظاہر نا ہوسکا۔۔۔ اب اوپر سپرم اور بیضے میں مختلف جینز ہونے کا نتیجہ ہی یہ ہوا کہ اگر دو سبز جین مل گئے، تو بیج سبز رنگ کا ہوگا۔۔۔ یعنی اگلی نسل پیلے رنگ بھی ہوسکتے ہیں۔۔۔ اور سبز بھی۔۔۔ یہ منحصر ہے کہ کونسا جین کس سے ملتا ہے۔۔۔

یہاں مینڈل کا علیحدگی کا قانون (law of segregation) سامنے آتا ہے یعنی

“جینز کی جوڑی میں سے دونوں جینز سپرم/بیضہ بنتے وقت ایک دوسرے سے علیحدہ ہوجاتے ہیں، اور اگلی نسل میں فرٹیلائزیشن کے بعد دوبارہ اکٹھے ہوجاتے ہیں”

“The alleles of a gene pair get segregated at the time of gamete formation and rejoin after the formation of Zygote”

اوپر سپرم اور بیضے کے ملاپ والی مساوات سے آپ یہ اندازہ لگا سکتے ہیں، کہ اگر دونوں پیلے ایک پودے میں جمع ہوجائیں تو بھی پودے کا رنگ پیلا ہوگا۔۔۔ اور اگر ایک پیلا اور ایک سبز جمع ہوجاۓ تب بھی، سبز کا امکان صرف اس صورت میں ہے اگر دونوں جینز سبز کے جمع ہوں۔۔۔ یعنی سبز کا امکان پیلے کے امکان سے کافی کم ہے۔۔۔ یہی وہ وجہ ہے کہ ایک ہی نسل میں پیلے مٹر اور سبز مٹر کا تناسب 3:1 آیا۔۔۔ کیونکہ پیلا ہر صورت میں اپنے آپ کو ظاہر کرے گا چاہے سبز موجود ہو یا نہیں، لیکن سبز صرف تب ظاہر کر سکتا ہے اگر اس کے ساتھ پیلے مٹر کا جین موجود نا ہو۔۔
آداب

(جب آپ یہ سب کسی انگریزی کتاب میں پڑھیں گے تو یہ تمام اصطلاحات کچھ اس طرح ملیں گی)

نسل: Progeny/Generation
مٹر: Seed
تناسب: Ratio
ملاپ/ملن: Cross
وراثتی اکائی: (مینڈل کے مطابق: Elementen) جدید اصطلاح میں Gene
وراثتی اکائی کے جوڑے: Allele
فوقیت/غلبہ: dominance/dominant
خصوصیت: Trait

تحریر: حنان عبدالخالق

Hannan A. Khaliq

Zoology/Biology Lecturer Topics of interest: All Zoology/Biology but especially Evolution, Physiology, Genetics, Microbiology, Ecology M.Phil Zoology (Specialization in Ecology) from University of The Punjab Quaid E Azam Campus