مٹر کے پودے اور نسلی شرارتیں
قسط نمبر 1

ایک نسل میں لمبا پودا، دوسرے میں چھوٹا، ایک میں پیلا مٹر، دوسرے میں سبز۔۔۔ کبھی جب وہ دو پیلے مٹر والے پودوں کو قریب لاتا تو سب پیلے ہوتے، اور انہیں دو پیلے مٹر والوں کی 3/4 نسل کے مٹر پیلے اور 1/4 نسل کے مٹر سبز۔۔۔ اس نسلی تماشے کا یہ مظہر دیکھنے اور پرکھنے والا شخص مینڈل تھا جو آسٹریا کی ایک چرچ کا پریسٹ تھا، اس نے اکیس ہزار پودوں پہ اپنے تجربات کیے۔۔۔ اس کو یہ حیرت تھی کہ آخر کچھ پودے ایک سا مٹر اور کچھ دو طرح کے مٹر کیوں پیدا کرتے ہیں؟؟ اسی طرح کا کھیل اس نے بیج کے رنگ کے علاوہ مٹر کے پودے کے مزید چھ خصوصیات میں بھی دیکھا۔۔۔
ایک بہت خاص چیز جس کا اس نے مشاہدہ کیا وہ یہ تھی کہ نسل در نسل پیلے مٹر والے پودوں کا اگر آپس میں ملن کروایا جاۓ، تو وہ کبھی بھی سبز مٹر پیدا نہیں کرتے۔۔۔ کچھ ایسا ہی حال نسل در نسل سبز مٹر والوں کا بھی تھا۔۔۔ یعنی ایسے دو پودے جو نسل در نسل سبز مٹر پیدا کرتے ہیں ان کے ملن سے پیلا بیج کبھی نہیں بنے گا۔۔۔

لیکن۔۔

مسئلہ یہ تھا

کہ ایک پیلے مٹر والی نسل کا اگر سبز مٹر والی نسل سے ملن کروایا جاۓ، تب سارے مٹر پیلے رنگ کے ہوتے تھے۔۔ اور جب انہیں پیلے مٹروں والوں کا آپس میں ملن کروایا جاتا تھا، تب اصل پریشانی ہوتی تھی، کہ اب پیلے مٹر والی یہ نسل (پچھلوں کی طرح) صرف پیلے مٹر نہیں بلکہ سبز مٹر بھی بنا رہی تھی۔۔۔ لیکن اب کی دو رنگوں والی نسل میں رنگوں کا تناسب یہ تھا۔۔۔

پیلا: 3/4
سبز: 1/4

یعنی واضح طور پر پیلے رنگ کا مٹر زیادہ ہوتا تھا اور سبز رنگ کا کم، اور بار بار مشاہدے کے نتیجے میں یہی تناسب سامنے آیا۔۔۔

اب مینڈل کے سامنے تین بڑے سوال تھے۔۔۔

1. پیلے مٹر کی نسل، اور سبز مٹر کی نسل کے پہلے ملاپ میں صرف پیلا رنگ کیوں آیا؟ حالانکہ ملاپ دونوں رنگوں کا ہوا ہے۔۔۔

2. جب اسی نسل کے صرف پیلے مٹر والے پودوں کا آپس میں ملاپ ہوا، تو پیلے اور سبز دونوں کیوں آۓ جبکہ پہلے صرف پیلے آۓ تھے؟؟

3. سبز اور پیلے مٹر کا تناسب 3/4:1/4 کیوں آیا؟ برابر کیوں نہیں؟

مینڈل نے اسے وراثتی کھیل تصور کیا۔۔۔ اس نے یہ کہا کہ
1) ہر جاندار میں جو بھی خصوصیت موجود ہوتی ہے، وہ کسی “وراثتی اکائی” کا نتیجہ ہوتی ہے اور یہ وراثتی اکائی اسی جاندار میں موجود ہوتی ہے۔
2) یہ وراثتی اکائی جوڑے کی صورت میں ہوتی ہے ورنہ مٹروں کے رنگ دو طرح کے نا ہوتے۔۔۔
3) ان وراثتی اکائیوں میں سے ایک کو دوسرے پر فوقیت حاصل ہوتی ہے، یہ نتیجہ یوں نکلا کہ جب سبز اور پیلے مٹر والوں کو ملایا گیا تو سبز رنگ کا کوئی مٹر نہیں آیا، یعنی پیلا رنگ سبز رنگ پر غالب آ گیا۔۔۔
مینڈل کا تیسرا نتیجہ اس کے پہلے سوال کا جواب تھا۔۔ (سوال نمبر 1 دیکھیے)

اکہرے (پیلے) رنگ کی نسل کا دوہرے (سبز اور پیلے) رنگ کی نسل پیدا کرنا مینڈل کے لیے پریشان کن تھا۔۔۔ اور پھر ان کا تناسب؟
(جاری ہے)

(جب آپ یہ سب کسی انگریزی کتاب میں پڑھیں گے تو یہ تمام اصطلاحات کچھ اس طرح ملیں گی)

نسل: Progeny/Generation
مٹر: Seed
تناسب: Ratio
ملاپ/ملن: Cross
وراثتی اکائی: (مینڈل کے مطابق: Elementen) جدید اصطلاح میں Gene
وراثتی اکائی کے جوڑے: Allele
فوقیت/غلبہ: dominance/dominant
خصوصیت: Trait

تحریر: حنان عبدالخالق

Hannan A. Khaliq

Zoology/Biology Lecturer Topics of interest: All Zoology/Biology but especially Evolution, Physiology, Genetics, Microbiology, Ecology M.Phil Zoology (Specialization in Ecology) from University of The Punjab Quaid E Azam Campus