پہلا حصہ یہاں پڑھیں

“یہ 1910 کا ذکر ہے جب میں میکسیکو کی ریاست یوکاٹان میں تھا کہ و ہاں ٹڈی دل کا حملہ ہو گیا ۔ اسی دوران مقامی افراد نے مجھے اطلاع دی ایک جگہ بہت ساری ٹڈیاں مردہ حالت میں موجود ہیں ۔اس حیرت ناک خبر کی تصدیق کے لیے میں نے اس جگہ کا خود مشاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ مجھے وہاں ہزاروں کی تعداد میں یہ کیڑے مردہ اور نیم مردہ حالت میں ہر جگہ میں بکھرے پڑے نظر آئے۔ ان کے قریبی مشاہدے سے اندازہ ہوا کہ انہیں اسہال جیسی علامات والی بیماری لاحق تھی جو ان کے لشکر وں کے لشکر کا زور توڑنے پر قادر تھی ۔میں نے کچھ بیمار زندہ ٹڈیاں تحقیق کی غرض سے جمع کیں اور اپنی تجربہ گاہ واپس آ گیا۔ کچھ تجر بات کرنے کے بعد ٹڈیوں کی بیماری کا سبب ایک کو کوبیسی لیس نامی جرثومہ ثابت ہوا۔  یہ جرثومہ میرے جمع کی گئی بیمار ٹڈیوں کے دستوں میں کثیر تعداد میں موجود تھا ۔  جب اس جرثومہ کو صحت مند ٹڈیوں کی خوراک میں شامل کیا گیا تو وہ سب بھی نہ صرف بیمار ہوئے بلکہ ان کی ہلاکت کا سبب بھی یہی جرثومہ بنا۔

دشمن کا دشمن دوست 1

اس جرثومہ کی مدد سے ٹڈی دل کے حملوں کو باسانی روکا جا سکتا تھااور اس کے لئے محض اتنا کرنے کی ضرورت تھی کہ ٹڈیوں  کی خوراک یعنی فصلوں پہ اس جرثومے کا اسپرے کردیا جائے۔ جیسے جیسے یہ اسپرے شدہ فصلوں کو کھانے کی کوشش کریں گے ویسے ویسے کو کوبیسی لیس ان کو بیمار اور ہلاک کرتا جائے گا۔ “

یہ الفاظ ہیں ایک فرانسیسی کنیڈین محقق فیلکس ڈی ہرلی کے۔ فیلکس نے فرانس میں خوردحیاتیات  کی تعلیم حاصل کی اور  اپنی زندگی کا بیشتر حصہ دنیا بھر میں گھومتے پھرتے اور جراثیم پہ تحقیق کرتے گزارہ۔  میکسیکو میں ملازمت کے دوران فلیکس نے ٹڈی دل کے  ہاتھوں پھیلنے والی تباہی کو روکنے کا طریقہ اتفاقیہ طور پہ دریافت کیا جس کا احوال آپ خود فیلکس کے الفاظ میں  پڑھ چکے ہیں۔ لیکن فیلکس کے سر صرف ٹڈی دل سے بچاؤ کا سہرا ہی نہیں بندھتا ہے ۔ آئیں واپس چلتے ہیں فیلکس کی تجربہ گاہ میں اور دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے۔

 

دشمن کا دشمن دوست 2

“آنے والے کئی سال میں نے ٹڈی دل کے حملے  کے تدارک کے لئے مختلف ملکوں میں تجربات کرتے گزار دئیے۔ ان برسوں میں کو کوبیسی لیس کی افزائش کے دوران مجھے ایک عجیب امر کا مشاہدہ ہوا۔  ایک صبح جب میں نے اپنے  گزشتہ دن کے افزائش پہ لگائے ہوئے کوکو بیسی لیس کو دیکھا تو مجھے ان کی سطح پہ شفاف دائرے نظر آئے، بالکل ایسے کہ جراثیم کی بجائے پانی کے شفاف قطرے ہوں۔ یہ ہرگز کوئی نئی دریافت نہیں تھی کیونکہ مجھ سے پہلے بھی کئی محقیقین  اس امر کا مشاہدہ کر چکے تھے۔ “

دشمن کا دشمن دوست 3

“مجھے جراثیم کی افزائش کے دوران میڈیا کی سطح جسے مکمل طور پہ  جراثیم سے پُر ہونا چاہیئے تھا وہاں کچھ چھوٹے چھوٹے شفاف دائرے  کی شکل کے دھبے نظر آئے۔ ایسا لگتا تھا کہ ان دائروں میں موجود جراثیم نے اپنا رنگ بالکل ہی ختم کردیا ہو۔ میں نے ان شفاف دائروں سے کچھ نمونے لئے اور ان کا خودربینی جائزہ  لینے کی کوشش کی لیکن کچھ نظر نہیں آسکا۔  ایسا لگتا تھا کہ یہاں موجود جراثیم گویا غائب ہوگئے ہیں ۔ کچھ مزید تجربات کے بعد میں نے ہی نتیجہ اخذ کیا کہ جو بھی چیز ان شفاف دائروں یا دھبوں کا باعث تھی وہ ان جراثیم کے مقابلے میں نہایت چھوٹی تھی کہ نا تو خوردبین میں نظر آسکی اور ناہی جراثیم کو روکنے والا فلٹر انھیں روک سکا ۔ ان دھبوں  یا دائروں کا نمودار ہونا بالکل غیر یقینی امر تھا ، کبھی کبھار تو ہفتوں تک ایک دھبہ بھی نظر نا آتا اور کبھی ایک میڈیا پہ کئی کئی دھبے موجود ہوتے۔ دوسرے الفاظ میں جب تک ان کی اصل وجہ کے بارے میں کچھ معلوم نہ ہو تب تک میں اپنی مرضی کے مطابق نہ تو ان پہ کام کرسکتا تھا اور نہ ہی ان کی موجودگی کو مکمل طور پہ ختم کرنے پہ قادر تھا۔

دشمن کا دشمن دوست 4

(جراثیم کو افزائش کے لئے  خوراک عمومی طور پہ دو طریقوں  سے فراہم کی جاتی ہے، ایک ٹھوس جیلی کی شکل میں جسے میڈیا کہا جاتا ہے جبکہ دوسری مائع یا محلول  کی شکل میں جسے بروتھ کہتے ہیں۔ جراثیم کا اپنا رنگ عام طور پہ  سفیدی مائل زرد ہوتا ہے، اگرچہ کچھ جرثومے کافی رنگین مزاج ہوتے ہیں  میرا مطلب ہے کہ وہ مختلف رنگدار مادے بناتے ہیں جو کہ  انھیں  رنگین کردیتے ہیں۔ جیسے  جیسے جراثیم کی تعداد بڑھتی جاتی ہے ویسے ویسے وہ میڈیا کی اوپری سطح پہ پھیلتے جاتے ہیں اور پھر کچھ گھنٹوں بعد میڈیا  کی بجائے صرف جراثیم کا سفید / پیلا رنگ ہی  نظر آتا ہے۔)

دشمن کا دشمن دوست 5

مارچ 1915 میں جبکہ پہلی جنگِ عظیم  پوری شدت سے جاری تھی، میں اپنے کچھ تجربات کی غرض سے  تیونس میں مقیم تھا  کہ انھی ایام میں وہاں ٹڈی دل کا حملہ ہوا۔ جنگ کی وجہ سے زرعی اجناس کی اہمیت عام حالات کی نسبت ویسےہی دوچند تھی، لہٰذا میرے گزشتہ تجربات کی روشنی میں مجھے  فصلوں کو بچانے کی ذمہ داری تفویض کی گئی، جسے میں نے بخوبی نبھایا اور زیادہ مزیدار بات تو یہ ہے کہ میرے فرانس جانے کے بعد اگلے برس جب پورے شمالی افریقہ میں ٹڈیوں کی یلغار جاری تھی، تیونس اس وقت بھی ان آفت کے پرکالوں سے محفوظ رہا۔

تیونس میں بھی ان شفاف دھبوں نے میرا پیچھا نہیں چھوڑا اور گاہے بگاہے  افزائشی میڈیا پہ نظر آتے رہے۔ ان دھبوں کے بارے میں میں نے اپنے ایک سینئر چارلس نیکول سے مشورہ کیا ۔ چارلس نے تجویز دی کہ عین ممکن ہے کہ کوکوبیسی لیس کی بجائے  درحقیقت  کوئی وائرس  ٹڈیوں کو  بیمار کرتا ہو اور یہ جرثومہ غلطی سے اضافی طور پہ موجود ہو۔

اس مفروضہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے  میں نے ایک تجربہ کیا کہ جراثیمی افرائش والے میڈیا سے دو نمونے لئے ایک شفاف دھبے سے اور دوسرا جراثیم والا، اور انھیں صحتمند ٹڈیوں کی خوراک میں شامل کر کے ان کی بیماری کا انتظار کرنے لگا۔  چارلس کے مفروضہ کے برعکس ان شفاف دھبوں والے نمونوں سے  ایک کیڑا بھی بیمار نہیں ہوا۔”

(بیسویں صدی کے آغاز سے ذرا پہلے ہی ایک روسی سائنس دان دیمیتری آئیوانوسکی  پہلے وائرس کو دریافت کرچکے تھے اور ایک بیلجین سائنسدان مارٹینس بئی جرینک  نے اپنے تجربات کے ذریعے یہ ثابت کردیا تھا کہ وائرس جراثیم سے مختلف بالکل نئی قسم کے طفیلیہ جاندار ہیں۔)

اگست 1915 میں میری فرانس واپسی کے بعد ڈاکٹر روکس نے مجھ سے  فرانسیسی فوج کے گھڑسوار دستے میں پھیلی پیچش کی وبا پہ  تحقیق کے لئے مدد مانگی۔ اس دستے کے تمام سپاہی پیچش کا شکار ہوکر ہسپتال میں داخل ہو رہے تھے۔ ان سپاہیوں کی حالت دیکھ کر ایک دم مجھے خیال آیا کہ ان سپاہیوں اور ٹڈیوں کی بیماری کی علامات ایک جیسی ہیں تو شاید میرے پچھلے تجربات ان سپاہیوں کی بیماری کو بہتر سمجھنے میں مدد دے سکیں۔  اپنے اس خیال کو مدِنظر رکھتے ہوئے میں نے تجربات شروع کردیئے، اور   بیمار سپاہیوں سے نمونے لیکر جراثیم کھوجنے لگا۔ یہاں بھی شفاف دھبوں نے میرا پیچھا نہ چھوڑا اور جراثیمی افزائش کے دوران نظر آتے رہے۔

دشمن کا دشمن دوست 6

چارلس نیکول کے مفروضے کو ایک بار پھر جانچنے کے لئے میں نے ان شفاف دھبوں  کو خرگوشوں کی خوراک میں  ملا کر دیکھا لیکن نتیجہ ڈھاک کے تین پات والا ہی نکلا، کہ ان خرگوشوں میں بھی پیچش کی ایک بھی علامت نہ پیدا ہوسکی۔  ان دنوں پیرس میں قائم پاسچر انسٹیٹیوٹ (جہاں میں اپنے تجربات کر رہا تھا) کے ہسپتال میں پیچش کے کئی مریض داخل ہورہے تھے۔ اپنے تجربات کی روشنی میں ان مریضوں کو دیکھتے ہوئے میں نے فیصلہ کیا کہ کیوں نہ کسی ایک مریض  کو ہسپتال میں داخلے سے لیکر مکمل صحتیاب ہونے تک میں اپنی نگرانی میں رکھوں اور اس سے حاصل ہونے والے نمونوں کا مستقل جائزہ لیتا رہوں۔  میرا مقصد اس بات کی جانکاری لینا تھا کہ مریض کی صحتیابی کے سفر کے دوران اس کی آنتوں میں موجود جرثومہ پر کوئی اثر پڑتا بھی ہے یا نہیں اور وہ شفاف دھبے کس وقت نمودار ہوتے ہیں۔

اپنے اس تجربہ کے لئے سب سے پہلے میں نے ہسپتال میں داخل ہونے والے ایک مریض کا نمونہ لیا اور اس میں سے پیچش پیدا کرنے والا جرثومہ شیگیلا آئیسولیٹ کیا، اور اس کو نہ صرف جیلی کی شکل والے میڈیا پہ بلکہ ساتھ ساتھ بروتھ پہ بھی افزائش کرنے پہ لگا دیا۔”

(جراثیم کی افزائش کا طریقہ کچھ یوں ہےکہ میڈیا کی سطح پہ تھوڑی سی مقدار میں جراثیم لگا دئیے جاتے ہیں جو کہ تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزرتے ہوئے عموماً اگلے دن یعنی 24 گھنٹوں میں میڈیا کی پوری سطح کو ڈھانپ لیتے ہیں کہ میڈیا کی بجائے صرف جراثیم کا سفید/پیلا رنگ ہی نظر آتا ہے ۔

دشمن کا دشمن دوست 7

میڈیا کی طرح بروتھ میں بھی جراثیم کی معمولی سی تعداد شامل کی جاتی ہے اور 24 گھنٹوں بعد اس میں بھی افزائش کا اندازہ بروتھ کی رنگت دیکھ کر ہو جاتا ہے۔ جراثیم کے بغیر بروتھ بالکل ایسا ہی شفاف ہوتا ہے جیسے پانی میں ُگھلا ہوا روح افزاء شربت، یعنی شربت کا اپنا سرخ رنگ تو ہے لیکن بالکل شفاف، اور جب بروتھ میں جراثیم مکمل طور پہ افزائش کرچکے ہوں تو اس کی شکل پانی کی بجائے دودھ میں ُگھلے روح افزاء جیسی ہوجاتی ہے ، جو کہ اس قدر گدلہ ہوتا ہے کہ اس سے آرپار نہیں دیکھا جا سکتا۔)

دشمن کا دشمن دوست 8

“جب ایک بار شیگیلا کامیابی سے  آئیسولیٹ ہو گیا اور افزائش کے نتائج آنے لگے تو میں نے افزائش والے  میڈیا میں اسی مریض کے دستوں کو فلٹر کر کے شامل کرنا شروع کردیا۔ دستوں کو فلٹر کرنے کا مقصد جراثیم کو علیحدہ کرکے صرف ان شفاف دھبوں کو مشاہدہ کرنا تھا۔   اب میرے تجربات کی ترتیب کچھ یوں تھی، کہ میرے پاس شیگیلا کا جرثومہ موجود تھا، اس کو میں میڈیا اور بروتھ دونوں میں بیک وقت افزائش کے لئے لگاتا اور ساتھ ہی ان دونوں میں مریض کے  دستوں کا فلٹر شدہ نمونہ بھی شامل کر دیتا، اور ان کو 37ڈگری سینٹی گریڈ پہ انکیوبیٹ ہونے کے لئے رکھ دیتا تاکہ اگلے دن افزائش کے نتائج آسکیں۔

یہی تجربہ میں روزانہ کی بنیاد پہ کرنے لگا۔پہلے دن میں نے جب جرثومہ کو فلٹر شدہ نمونوں کے ساتھ افزائش   پر لگایا تو مجھے امید تھی کہ یہ دھبے ضرور نظر آئیں گے لیکن جب اس تجربہ کا نتیجہ آیا تو مجھے بڑی مایوسی ہوئی کہ ایک بھی دھبہ موجود نہیں تھا۔ خیر میں نے امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑااور تندہی کے ساتھ اپنے کام میں مگن رہا۔ اگلے دو دن بھی وہی نتیجہ ملا  اور میری جھنجلاہٹ میں اضافہ ہونے لگا لیکن میں نے اپنا کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور دوپہر میں تجربہ پھر سے شروع کیا اور اس دن کے نمونے فلٹر کر کے جراثیم کے ساتھ میڈیا اور بروتھ دونوں میں شامل کر دیئے اور باقی کے کام نمٹا کر گھر کی راہ لی۔ اگلے دن صبح کو نیم دلی کے ساتھ جب میں نے اپنی لیباٹری میں موجود انکیوبیٹر کا دروازہ کھولا تو گویا میری تمام تر محنت،  جھنجلاہٹ اور تکالیف کا مداوا میری نظروں کے سامنے تھا۔ یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جس کے انتظار میں ہر محقق ہر سائنسدان دن رات اپنے تجربات کی خاطر ہر طرح کی مشقتیں  اور تکالیف برداشت کرتا ہے، جیسے ارشمیدس سب کچھ بھول بھال کر صرف ایک تولیہ لپیٹے  یوریکا یوریکا کے نعرے مارتے سسلی کی گلیوں میں بھاگتا پایا گیا تھا۔

دشمن کا دشمن دوست 9

 میری حالت بھی کچھ ایسی   شادی مرگ والی ہی تھی، کیونکہ میرے پچھلے روز کے نتائج (جوکہ بالکل گدلے تھے) کے مقابلے میں آج کا بروتھ بالکل شفاف تھا جیسے میرے جرثومے پانی میں چینی کی طرح حل ہو گئے ہوں، میں نے فوراً ہی میڈیا کو دیکھا تو وہاں بھی جراثیم کا نام و نشان نہیں تھا۔ مطلب آج کے نتائج میں  شفاف دھبے بنانے والا عنصر موجود تھا۔  ان شفاف دھبوں کا عقدہ ایک لمحہ کے اندر میرے سامنے کھل گیا تھا، یہ دھبے ایک ایسے وائرس کی وجہ سے بن رہے تھے جو کہ صرف اور صرف جراثیم کو ہی نقصان پہنچا سکتا تھا۔

ابھی میں اس پہیلی کے سلجھنے کے سُرور میں تھا کہ مجھے اپنے مریض کا خیال آیا ، کل تک اس بیچارے کا بیماری کی شدت سے برا حال تھا اب پتہ نہیں اس کی طبعیت کیسی ہوگی۔  اگر ان وائرسوں نے میرے تجربہ میں پیچش کے جرثومہ  کا یہ حال کردیا ہے تو مریض کی آنتوں میں موجود جراثیم پہ ان کا کیا اثر ہونا چاہیئے اور مجموعی طور پہ مریض کی حالت کیسی ہونی چاہیئے، اسی سوچ میں غلطاں میں بھاگم بھاگ مریض کے وارڈ پہنچا ۔ مریض کی حالت رات سے بہتر ہو رہی تھی اور اس کی صحتیابی کا سفر شروع ہو چکا تھا۔ “

دشمن کا دشمن دوست 10

 فیلکس نے پہلی مرتبہ ایسے وائرس کو دریافت کیا تھا جو کہ صرف اور صرف جراثیم کو نقصان پہنچا سکتا تھا ، اگرچہ اس سے پہلے آئیوانوسکی سب سے پہلے وائرس  کو دریافت کر چکے تھے لیکن وہ وائرس تمباکو کے پودے کو ہی انفیکٹ کر سکتا تھا۔ فیلکس کی اس دریافت نے میں بیماری پھیلانے والے جراثیم کے مقابلے میں ایک نیا ہتھیار فراہم کردیا تھا۔ وائرسوں کی اس قسم کو فلیکس نے ‘بیکٹیریو فیج ‘یعنی ‘جرثومہ خور’ کا نام دیا۔  فیلکس کی یہ دریافت جراثیم  کے خلاف جنگ میں  سال ورسان 606 کے بعد دوسری اہم کامیابی ہے۔  اپنی اس دریافت کے بعد فیلکس نے اپنے تجربات  کی روشنی میں کئی ممالک میں  جرثومہ خور وائرسوں پہ تحقیقی مراکز قائم کرنے میں مدد دی جن میں سرِفہرست سویت یونین تھا۔

(جاری ہے)

Dr. Muhammad Ibrahim Rashid Sherkoti

Hi, I am a Ph.D. in biotechnology from National University of Sciences and Technology, Islamabad. I am interested in biotechnology, infectious diseases and entrepreneurship. You can contact me on my Twitter @MIR_Sherkoti.